صحت
زندگی کے بیشتر اوقات میں انسان اپنی ملازمت کے تقاضوں سے جڑارہتا ہے، ملازمت اور مشغولیت چاہے جیسی بھی ہو، اس کا ایک نظام الاوقات ہوتا ہے، صبح اٹھنے سے لے کر سونے کے وقت تک کی مشغولیات طے رہتی ہیں، اسی کے مطابق انسان کی تگ و دو ہوتی رہتی ہے، چھٹی کے ایام اس یکسانیت کو قدرے ختم کرتے ہیں اور اس دن انسان تھوڑی سکون کی سانس لیتا ہے اور اگلے دن پھر وہی معمولات شروع ہوجاتے ہیں، آدمی جب ملازمت سے سبکدوش ہوتا ہے تو اس کے معمولات یکسر بدل جاتے ہیں، اب نہ اسے وقت کی پابندی سے کہیں آنا جانا ہے اور نہ کسی افسر کی ڈانٹ سننے کا خطرہ رہتا ہے، ایسے میں آدمی کاہل اور سست ہو جاتا ہے، اس کے اعضاء و جوارح میں وہ چستی اور پھرتی باقی نہیں رہتی جو ملازمت کے زمانہ میں تھی، اس سستی اور کاہلی کی وجہ کر ہی ایک یورپین تحقیق کے مطابق سبکدوشی کے بعد آئندہ دو سالوں میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور صحت پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے، WHO اور امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی سفارش ہے کہ ساٹھ سال سے اوپر کے لوگوں کو سبکدوشی کے بعد بھی ہر روز سرگرم عمل رہنا چاہیے، اس سے ان کی صحت ٹھیک رہے گی، گھر کی خواتین کو اس کا بڑا خیال رہتا ہے، میں برطانیہ میں ایک ریٹائرڈ ڈاکٹر کے گھر گیا تو ان کے ٹیبل پر باضابطہ ایک کارڈ لکھ کر رکھا ہوا تھا کہ A Retired Husband Full Time Servent of Wife یعنی سبکدوش شوہر اپنی بیوی کا کل وقتی ملازم ہوتا ہے، میں نے ڈاکٹر صاحب سے پوچھا کہ یہ آپ کا احساس ہے یا آپ کی بیوی کا کہا: ہم دونوں کا، اس لیے کہ اب دفتر کا معمول تو ہے نہیں، جب چاہا جھولا پکڑا دیا کہ دکان سے فلاں سامان لے آئے، ظاہر ہے حکم بیوی کا ہوتا ہے تو اس کی حیثیت آقا کی ہوجاتی ہے اور بے چارہ ریٹائر شوہر ملازم اور نوکر بن کرکے رہ جاتا ہے، ہندوستان میں بھی ملازمت اور مشغولیات سے سبکدوش لوگوں کی حالت اس سے بہتر نہیں ہے، اس کا ایک فائدہ یہ ضرور ہے کہ اعضاء و جوارح گردش میں رہتے ہیں اور آدمی کاہلی سے دور رہتا ہے۔
04-11-2026، 04:55 AM
مزید پڑھیں ←