الحمدُ للّٰہِ وحدہٗ، والصلاۃ والسلام علی رسول اللّٰہ!
محترم اساتذہ کرام، معزز مہمانانِ گرامی، اور میری پیارے سہیلیوں!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
آج میں آپ کے سامنے ایک نہایت اہم موضوع “اخلاق کی اہمیت” پر گفتگو کرنا چاہتی ہوں۔
اخلاق انسان کی شخصیت کا وہ نور ہے جو چہروں میں نہیں، بلکہ دل کی لطافت، لہجے کی نرمی اور کردار کی پاکیزگی میں چمکتا ہے۔ اخلاق وہ خوشبو ہے جو لفظوں سے نہیں، بلکہ رویوں سے مہکتی ہے۔
وہ انسان جس کے اخلاق اچھے ہوں، اس کی شخصیت خود ایک درسِ محبت بن جاتی ہے۔
اخلاق وہ خوبصورت صفت ہے جو انسان کو انسان بناتی ہے۔ اگر علم روشنی ہے تو اخلاق اس روشنی کی خوشبو ہے۔ ایک تعلیم یافتہ انسان اُس وقت مکمل بنتا ہے جب اس کے اندر اچھے اخلاق ہوں۔
پیارے ساتھیو!
ہم سب جانتے ہیں کہ ہمارے پیارے نبی ﷺ کے اخلاق سب سے اعلیٰ تھے۔ اُن کی سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ اخلاق کا معیار صرف عبادت سے نہیں بلکہ لوگوں کو فائدہ پہنچانے سے بنتا ہے۔چنانچہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
“تم میں سب سے بہتر وہ ہے جس کے اخلاق سب سے بہتر ہوں۔”
اخلاق کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ ایک اچھے اخلاق والا انسان جہاں بھی جاتا ہے، لوگ اس سے محبت کرتے ہیں، اس کی بات سنتے ہیں، اس پر اعتماد کرتے ہیں۔ اس کے برعکس اگر کسی کے اخلاق اچھے نہ ہوں تو لوگ اُس سے دور رہتے ہیں، چاہے وہ بہت زیادہ علم رکھتا ہو۔
سامعین باتمکین!
اخلاق وہ نرمی ہے جو غصے کو سکون میں بدل دیتی ہے،
وہ مسکراہٹ ہے جو دلوں کے دروازے کھول دیتی ہے،
اور وہ برداشت ہے جو رشتوں کو مضبوطی عطا کرتی ہے۔
عورت کے لیے اخلاق کا حسن اور بھی زیادہ قیمتی ہے۔
اس کا اصل جمال صرف چہرے کی نرمی میں نہیں بلکہ اس کی گفتار کی شائستگی، رویے کی نزاکت، اور کردار کی پاکیزگی میں نظر آتا ہے۔
جو لڑکی اپنے اخلاق کو سنوار لیتی ہے، وہ اپنے وجود کو ایک چراغ کی طرح روشن کرتی ہے۔ اخلاق وہ دولت ہے جو بانٹنے سے بڑھتی ہے،اخلاق وہ زیور ہے جو کبھی پرانا نہیں ہوتا، اور اخلاق وہ روشنی ہے جو انسان کو عظمت کی راہوں تک لے جاتی ہے۔
اخلاق سے خاندان مضبوط ہوتا ہے، دوستیاں اچھی بنتی ہیں اور معاشرہ امن و سکون کا گہوارہ بنتا ہے۔ ایک اخلاق والا انسان اپنی باتوں، اپنے رویّوں اور اپنے کردار سے دنیا میں نیکی پھیلاتا ہے۔
آئیں! آج ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ ہمیشہ اچھے اخلاق اختیار کریں گے، سچ بولیں گے، دوسروں کی عزت کریں گے، اور اپنے اسکول اور گھر میں محبت و امن کی فضا قائم کریں گے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو بہترین اخلاق عطا فرمائے۔آمین